ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک پر قبضہ کیلئے ہیگڈے کو مرکزی وزیر بنایا گیا ہے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر فرقہ پرستی کو بڑھاوا بی جے پی کا مقصد، کانگریس کا الزام

کرناٹک پر قبضہ کیلئے ہیگڈے کو مرکزی وزیر بنایا گیا ہے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر فرقہ پرستی کو بڑھاوا بی جے پی کا مقصد، کانگریس کا الزام

Wed, 06 Sep 2017 11:13:01    S.O. News Service

بنگلورو،5/ستمبر(ایس او نیوز) شمالی کینرا  سے رکن پارلیمان اننت کمار ہیگڈے کو مرکزی وزیر مملکت اسکل ڈیولپمنٹ اینڈ اینٹر پرینورشپ بنایا گیا ہے، کانگریس کے مطابق اس کا صرف ایک ہی مقصد ہے، اور وہ کرناٹک میں لوگوں کو فرقہ وارانہ بنیاد پر تقسیم کرنا ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ ریاست میں آئندہ سال اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں، یاد رہے 49 سالہ ہیگڈے نے اتوار کو راشٹرپتی بھون میں 8 دیگر وزراء کے ساتھ عہدہ اور راز داری کا حلف اٹھایا، جب وہ حلف اٹھارہے تھے، ٹی وی پر ان کے مجرمانہ پس منظر سے مناظر دکھائے جارہے تھے، جن میں وہ سرسی میں 3 ڈاکٹروں کی پٹائی کررہے تھے، گزشتہ سال سرسی ہی میں ایک اخباری کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا تھا، جب تک اس دنیا میں اسلام ہے، دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے گا، ان حالات میں کانگریس کا کہنا ہے کہ ہیگڈے کی ایک وزیر کی حیثیت سے ترقی بھارتیہ جنتاپارٹی(بی جے پی) کے اس خفیہ ایجنڈے کا حصہ ہے، تاکہ ریاست کے عوام میں فرقہ پرستی کی بنیاد پر پھوٹ ڈال کر آئندہ اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کی جاسکے۔

ہیگڈے کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ کٹر فرقہ پرست ہیں، وہ اقلیتوں اور خصوصاً مسلمان کے خلاف زہر افشانی کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے، اپنی شعلہ بیانی کے لئے مشہور اننت کمار ہیگڈے شمالی کنڑا ضلع میں کافی اثر ورسوخ رکھتے ہیں، اس ضلع اور اطراف کے علاقوں میں جتنی بھی ناچاقی پائی جاتی ہے، اس کے لئے کسی نہ کسی طرح وہ ذمہ دار رہے ہیں، گزشتہ پارلیمانی انتخابات میں بھی انہوں نے اپنی جوڑ توڑ کی سیاست کی مدد سے ہی کامیابی حاصل کی تھی، کانگریس کا کہنا ہے کہ آئندہ سال کرناٹک اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں، اس وقت ہیگڈے جیسے لیڈر ، کامیابی کے لئے کچھ بھی کرسکتے ہیں۔اسی لئے وزیر اعظم نریندر مودی نے انہیں ترقی دی ہے، تاکہ اقتدار پر رہ کر وہ اپنے اثر رسوخ کا زیادہ سے زیادہ غلط استعمال کرسکیں۔


Share: